محمود آباد میں فائرنگ کا مقدمہ درج۔7 افراد گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمودآباد میں ہفتے کو دو گروپوں میں جھگڑے کے بعد ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت اور 3 افراد کے زخمی ہونے کا مقدمہ بلوچ کالونی پولیس نے درج کرتے ہوئے 7افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں ڈیڑھ سال سے جھگڑا اور کیس چل رہا تھا۔ایک فریق کے حق میں عدالتی فیصلہ آنے پر جھگڑا ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے محمود آباد نمبر 5میں 2گروپوں ہفتہ و اتوار کی شب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 35سالہ کاشف ولد غلام حسین جاں بحق ، جبکہ 45سالہ حفیظ قریشی ولد راجہ حنیف ، 30سالہ یامین ولد اسماعیل اور 30سالہ عدیل ولد اسماعیل کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 7/19مدعی رحمت اللہ کی مدعیت میں بلوچ کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا۔ایس ایچ او نوید سومرو نے امت کو بتایا کہ مسجد کے معاملے پر بریلوی اور دیو بند مسالک کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تنازعہ چل رہا تھا۔ہفتہ کو عدالت سے فیصلہ ایک فریق کے حق میں آگیا، جس کے بعد پولیس نے دوسرے فریق سے مسجد کا قبضہ لے کر کیس جیتنے والے فریق کے حوالے کردیا تھا، تاہم ہفتہ و اتوار کی درمیانی شب کیس ہارنے والے فریق نے مسجد کے باہر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے تھے۔پولیس نے 7افراد محمد فیض، منور، خالد، طاہر، طاہر ہاشمی، ریاض اور اقبال عطاری کو گرفتار کرلیا ہے ۔