کراچی ( رپورٹ : صفدر بٹ ) لیاری جنرل اسپتال میں شوگر ادویات سمیت آپریشن کا دھاگہ بھی غائب ہو گیا۔ دوسری سہ ماہی ختم ہونے کے باوجود اسپتال میں ادویات و طبی سامان کی قلت دور نہ ہوسکی ۔ تفصیلات کے مطابق لیاری جنرل اسپتال جسے شہر کے چوتھے تدریسی اسپتال کا درجہ حاصل ہے کی او پی ڈیز میں لیاری سمیت شیر شاہ ، ماری پور ، بلدیہ ، سائٹ ودیگر کے علاقوں سے یومیہ دو ہزار سے زائد مریض علاج کیلئے آتے ہیں لیکن گزشتہ کئی ماہ سے ادویات کے بحران نے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کر دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کے مرکزی اسٹور میں ادویات کے علاوہ انجکشن کا اسٹاک بھی ختم ہو گیا ہے جس سے داخل مریضوں کے علاوہ او پی ڈیز میں آنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس وقت سب سے زیادہ مسائل کا شکار شوگر کے مریض ہیں جنہیں ہر صورت ادویات استعمال کر نا ہوتی ہیں ۔ اسپتال سے ادویات نہ ملنے کے باعث سکت نہ ہونے کے باوجود وہ بازار سے مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہیں ۔ اس وقت اسپتال میں ذ یابطیس کے مریضوں کو نہار منہ لازمی استعمال کی دوا Glimipride)اور انسولین 70/30سرے سے موجود ہی نہیں ہے ، اسی طرح معدہ کے مرض میں استعمال کی عام دوا او می پروزول دیگر ادویات ، آپریشن میں استعمال ہونے والا دھاگہ تک موجودنہیں ہے ، جبکہ بعد از آپریشن مریض کو لگائی جانے والی ایڈی ویٹ سمیت دیگر سامان ختم ہو چکا ہے ، جس سے مریضوں کے اہلخانہ مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔ اسپتال میں5ماہ سے زکواۃ بجٹ نہیں ہے ،جس کی وجہ سے غریب مریض ادویات نہ خرید سکنے کے باعث علاج سے محروم ہیں۔ رشید آباد ، بلدیہ ٹاؤن سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ وہ شوگر کے دائمی مریض ہیں اور اسپتال میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں ،تاہم ایک ماہ سے ہفتے میں دو مرتبہ آنے کے باوجود انہیں نہار منہ استعمال کی ادویہ اور انسولین اسپتال سے نہیں مل رہیں اور انہیں صرف گلو کو فیج کی ٹیبلیٹ دے کر ٹرخا دیا جاتا ہے اور وہ سکت نہ ہونے کے بازار سے ادویات خریدنا پڑتی ہیں ، اسپتال انتظامیہ سے اپیل ہے کہ ہماری حالت پر رحم کرتے ہوئے فوری طور پر ادویات کا انتظام کرے تاکہ انہیں اضافی مالی بوجھ سے نجات مل سکے ۔ اس حوالے امت کے رابطہ کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انور پالاری نے بتایا کہ 6ماہ گزرنے کے باوجود ادویات کی خریداری کا عمل مکمل نہیں ہوا جس کی وجہ سے ادویات کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، ذیابیطس کی ادویات سمیت دیگر ادویات آنا شروع ہو گئی ہیں اور آئندہ چند دنوں میں بہتری آ جائے گی ۔