کویت کا قطر کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی سے انکار
دوحہ(امت نیوز )کویت کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ شیخ احمد الیوسف نے کہا ہے کہ ان کا ملک قطر کے ساتھ 2022 میں ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ کے بعض میچوں کی میزبانی کی شرائط کو پورا نہیں کرسکتا ہے۔اس لیے وہ ان میچوں کا میزبان بھی نہیں بننا چاہتاہے۔ قطر میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ احمد الیوسف نے کہا کہ کویت میں فیفا کی طے شدہ شرائط کو پورا کرنا مشکل ہے۔ان میں ایک بڑی شرط میچ دیکھنے کیلئے آنے والے اسرائیل سمیت تمام ممالک کے شہریوں کو ویزے پر ملک میں داخلے کی اجازت دینا ہے۔انھوں نے کہا کہ : اگر ہم بعض ٹیموں کا کویت میں میچ کھیلنے کے لیے انتخاب کر بھی لیتے ہیں تو پھر ہم دوسرے ممالک کے شائقین کو میچ دیکھنے کیلئے آنے سے نہیں روک سکتے۔شراب کے مختلف برانڈ بھی فیفا عالمی کپ کو اسپانسر کررہے ہیں ۔وہ میچوں کے دوران میں اپنی مصنوعات کو فروخت اور فروغ دینا چاہیں گے لیکن شراب کی کویت میں خریدوفروخت ممنوع ہے اور شراب نوشی ایک قابلِ سزا جرم ہے۔
٭٭٭٭٭