تجاوزات کی آڑ میں معاشی قتل کیخلاف اسمال ٹریڈرز کے مظاہرے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے تاجروں کامعاشی قتل عام برداشت نہیں کیا جائے گا ۔تاجر وں کاروزگار چھیننے کے خلاف بھر پور تحریک چلائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان ،ابوظہبی ،ترکی اور دیگر ممالک سے ملک میں سرمایہ کاری کی اپلیں کررہے ہیں ۔ایک کروڑ بے روزگار وں کو نوکریاں دینے کے اعلانات کئے جارہے ہیں ، مگر کراچی کا میئر 7000دکانوں کو بلڈوز کرکے لاکھوں لوگوں کو فاقہ کشی کی دلدل میں دھکیل رہا ہے۔ ملک کی معاشی شہ رگ کراچی کو انتقام اور تباہی سے بچایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان اس مسئلے پر فوری نوٹس لیں۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد، احسان گجر، اقبال یوسف اور دیگر نے کہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ منگل آج 3 بجے اکبر روڈ اور بازار میں بڑا مظاہرہ کیا جائے۔ محمود حامد نے کہا کہ 70فیصد ریونیو دینے والے شہر کے تاجر وں کی دکانوں پر بلڈوز چلانا ظلم ہے۔ موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر احسان گجر نے کہا کہ اکبر مارکیٹ ایشیا کی سب سے بڑی موٹرسائیکل مارکیٹ ہے جس سے کروڑوں روپے ٹیکس لیا جاتا ہے۔ 40برس سے قائم اس مارکیٹ کو بلڈوز کرنے کی تیاری کی جارہی ہے مگر اب ہم اپنے اور اپنے بچوں کے روزگار کے تحفظ کیلئے خاموش نہیں بیٹھیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔ اقبال یوسف نے کہا کہ علم وہنر کے فروغ کے مرکز اردو بازار کو ختم کرکے قوم کے بچوں کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ میئر کراچی 3ماہ گزرنے کے باوجود ایمپریس مارکیٹ کے بے روزگار تاجروں کو متبادل جگہ دینے میں ناکام رہے ہیں۔ تاجر برادری 8جنوری سے تاجر بھر پورا حتجاجی تحریک شروع کرینگے ۔