لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت مغربی تہذیب کو فروغ دے رہی ہے۔5 ماہ گزرنے کے باوجود فلاحی ریاست کی جانب ایک قدم بھی نہیں اٹھایا گیا ۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر مسلموں کیلئے شراب پر پابندی کی مخالفت کی سودی نظام کے خاتمے کیلئے رتی برابر قدم اٹھایا نہ ہی بینک قرضے ہڑپ کرنے والوں کیخلاف کوئی کارروائی کی ۔انہو ں نے کہا کہ کامیاب خا رجہ پالیسی کےدعویدار بھارتی فوج کے ہاتھوں روزانہ کشمیریوں کی شہادت پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ احتساب کے نظام میں ظالم کو مظلوم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے صرف 5ماہ میں ہی قبل از وقت الیکشن کی با تیں سامنے آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت نا اہل اور نکمی ہے ۔یہ ریمارکس حکومت کو آئینہ دکھانے کے لیے کافی ہیں ۔ ہم ماضی کی نسبت زیادہ جذبے سے احتساب مہم آگے بڑھائیں گے، 18جنوری سے مختلف شہروں میں پروگرام منعقد کریں گے۔