پوش علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے والا 3رکنی رکشہ گینگ گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پوش علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے وا لا 3 رکنی رکشہ گینگ پکڑا گیا ۔پولیس نے ملزمان سے ایک کروڑوں روپے سے زائدمالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ملزمان واردات کے بعد مسروقہ سامان رکشے میں رکھ کر اندرون سندھ منتقل کرتے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں انویسٹی گیشن پولیس نے کلفٹن اور ڈیفنس میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے تین رکنی رکشہ گینگ کے کارندوں ملزمان شیر علی، امان اللہ اور سلطان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ روپے سے زائد کا سامان برآمد کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار نے گزشتہ ماہ خیابان شجاعت میں ضلعی چیئرمین ٹنڈو محمد خان کامل شاہ کے بنگلہ نمبر 64/4 میں ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے بنگلے کے چوکیدار کو نشہ آور چیز پلائی اور گھرکے دروازے توڑ کر گھر سے کروڑوں روپے کا سامان جس میں سونا، نقدی و مہنگی گھڑیاں لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، جس کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج تھا، تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جس میں ملزمان کو رکشے میں مسروقہ سامان رکھ کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، تفتیشی افسر زاہد علی نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق سندھ سے ہے وہ مسروقہ سامان رکشے میں رکھ کر سندھ منتقل کر رہے تھے ۔ ملزمان سے ڈیفنس اور کلفٹن میں ہونیوالی مزید ڈکیتیوں کے حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔