کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور7 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے جن میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت ،گدا حسین ،محسن عباس، صداقت حسین، راجا شمیم، رانا ریاض اور شعیب شوٹر شامل ہیں ۔عدالت نے ملزمان پولیس اہلکاروں محمد انار ، فیصل محمود ، اکبر ملاح ، رئیس ، عمران کاظمی اور خیر محمد کی عبوری ضمانت پر طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ 16جنوری تک محفوظ کرلیا۔ اس موقع پر جیل حکام کی جانب سے گرفتار ملزمان اے ایس آئی اللہ یار ، ہیڈ کانسٹیبل محمد اقبال ، کانسٹیبل ارشد علی ،غلام نازک ، عبدالعلی ، شفیق احمد اور شکیل کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر ضمانت پر رہا ملزمان سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار ، قمر احمد شیخ ، محمد یاسین ،سپرد حسین ، خضر حیات ، عبوری ضمانت پر رہا ملزمان محمد انار ، فیصل محمود ، اکبر ملاح ، رئیس ، عمران کاظمی اور خیر محمد بھی پیش ہوئے ۔ 7مفرور ملزمان کی عدم پیشی پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ۔ گزشتہ سماعت پر تفتیشی افسر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے مگر گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ، ملزمان واقعہ کے بعد سے روپوش ہیں ۔