سدھارتھ شری واستو
اڑنے والی، بغیر ڈرائیور کے سفر کرنے والی اور ریس میں برق رفتاری سے دوڑنے والی لگژری کاروں کی خصوصیات تو آپ نے بہت سنی ہوں گی لیکن کورین کمپنی ہنڈائی نے دنیا کی تمام کارساز کمپنیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے شائقین کیلئے پہاڑیوں اور سخت دشوارگزار راستوں پر چلنے والی کار بھی تیار کرلی ہے، جس کی تقریب رونمائی جلد کی جائے گی۔ اس جدید ترین کار کو ’’الٹی میٹ موبائلٹی وہیکل‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کی قیمت کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے۔ ہنڈائی کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرائل کی کامیابی کے بعد جلد اس کو فروخت کیلئے عالمی مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ پہیوں اور آہنی ٹانگوں والی اس کار کے بارے میں انجینئرز کا کہنا ہے کہ اس میں چلنے کے دو الگ الگ موڈ ہیں، جن میں پہلا موڈ ’’ریپٹائلز‘‘ اور دوسرا موڈ ’’ممالیہ‘‘ ہے۔ ہنڈائی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نئی کار چار پہیوں پر تو چلتی اور بھاگتی بھی ہے، لیکن اس کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ جب ہموار، راستے ختم ہوجائیں اور پہاڑی راستے یا پتھریلی گزرگاہیں آجائیں تو آپ کو پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ ہنڈائی کمپنی کی کار پہاڑی علاقوں میں خراب سڑکوں سمیت دیواروں کو بھی عبور کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صرف ایک بٹن دبانے سے کار کے پہیوں کا کام ختم ہو جاتا ہے اور پہیوں کے برابر والے خانوں میں فولڈ ہو جانے والی آہنی ٹانگیں باہر نکل آتی ہیں اور کار ان ٹانگوں کی مدد سے دوڑنا یا چلنا شروع کر دیتی ہے۔ اس کیلئے کار کے اندرونی حصوں میں خاص قسم کی موٹرز ان آہنی ٹانگوں کو قوت فراہم کرتی ہیں۔ کوریائی کمپنی ہنڈائی نے اس کار کی رونمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کار میں چار پہیہ بھی لگے ہوئے ہیں اورساتھ ہی مضبوط چار ٹانگیں بھی موجود ہیں۔
٭٭٭٭٭
Next Post