چوہدری نثارکی رکنیت منسوخی کیلئے قرارداداسمبلی میں جمع
لاہور (این این آئی) چوہدری نثار کی رکنیت منسوخ کرنے کے مطالبے سمیت 3قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے سابق وزیر داخلہ کی رکنیت منسوخ کرنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کروائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ چوہدری نثار 2018ء کے انتخابات میں پی پی 10 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں لیکن بطور ممبر حلف نہ اٹھا کر وہ اپنے حلقہ کے عوام اور پنجاب اسمبلی کے ایوان کی مسلسل تضحیک اور توہین کر رہے ہیں۔ان کی اسمبلی رکنیت کو منسوخ کیا جائے۔مسلم لیگ (ن) کی رکن انیزہ فاطمہ نے اورنج ٹرین منصوبے کے لئے فنڈز جاری کرنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی ۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن خدیجہ عمرفاروقی نے قرارداد جمع کرواتے ہوئے کہا کہ "اس ایوان کی رائے ہے کہ مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعہ یا حادثہ سے بچنے کیلئے تمام سکول وینز مالکان کو باقاعدگی سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور سکولز وین مالکان کو کسی آتشزدگی یا ایمرجنسی کی صورت میں تمام اقدامات کا پابندبنایا جائے۔