ڈاکٹر پرویز کا قاتل متحدہ دہشت گرد عدالت پیش
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نےجماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ٹاؤن ناظم لیاقت آباد ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل میں ملوث مفرور متحدہ دہشت گردوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ منگل کے روز سینٹرل جیل میں سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر مسعود علی عرف کالا کو پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسعود عرف کالا نے تفتیش کے دوران ڈاکٹر پرویز محمود کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا اور بتایا کہ یہ کام اس نے کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر کیا جب کہ جماعت اسلامی رہنما کو اس کے دست خلیق اللہ کے ہمراہ کے ڈی اے چورنگی کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ ٹارگٹ کلر اسکارڈ کےدیگر ارکان میں عمران اعجاز نیازی، طاہر قادیانی، زبیر عرف پپا، عبد الرحمان قریشی، جوائنٹ سیکٹر انچارج ریحان، آصف آلٹو، فیضان الیاس، سمیر نائی اور شکیل موٹا شامل ہیں۔مسعود کالا نے مزید بتایا کہ احکامات ملنے پرناظم آباد اور رضویہ میں متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔متحدہ دہشت گرد کو نارتھ ناظم آباد سے 30 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز موادبھی برآمد ہوا۔عدالت نے تفتیشی افسر کومفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔