کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوکراچی میں 3 ماہ سے گیس بندش پر علاقہ مکینوں نے احتجاجاً سڑک بند کردی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی میں گیس فراہمی معطل ہونے پر علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر سڑک کو بلاک کرکے سوئی سدرن کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہناتھا کہ 3ماہ سے علاقے میں گیس نہیں آرہی، جس سے گھروں میں کھانا پکانا مشکل ہوگیا، نیوکراچی میں غریب عوام آباد ہیں، جو روزانہ کی اجرت پر کام کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں لیکن گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگ ہوٹلوں سے مہنگے داموں کھانا کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں، احتجاج کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ بعدازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک کھول دی۔