پولیس مقابلے کے بعد خطرناک متحدہ دہشت گرد گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سکھن پولیس نے مقابلے کے بعد متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلرکو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم برآمد کرلیا ۔ ملزم 4پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث ہے،جبکہ سابق سیکٹرانچارج کورنگی رئیس مما کا دست راست بھی رہا ہے۔ سکھن پولیس نے مہران ہائی وے کے قریب مسلح ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے ایک ملزم روشن کو گرفتارکرکے دستی بم،آوان بم اورنائن ایم ایم پستول برآمد کرلی۔ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر نے بتایا کہ ملزم نے 2014میں ابراہیم حیدری کے علاقے میں4 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا،جبکہ ملزم روشن کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں 38سے40سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں، انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف پولیس پر فائرنگ، اقدامِ قتل اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے،جبکہ ملزم کا مزید کرائم ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم نے کورنگی سیکٹر ممبر ابو ہریرہ، وصی عرف کاشف اور میر غوث کے ساتھ مل کر ابراہیم حیدری پولیس کی موبائل پر حملہ کیا تھا، جبکہ یونٹ انچارج کی ہدایت ابراہیم حیدری سمندر کے پاس اپنے ہی 2کارکنان کو قتل کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More