سرکاری اراضی پر آباد لوگوں کو متبادل رہائش گاہیں دینے کا منصوبہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی کچی آبادیوں اور قبضہ شدہ سرکاری اراضی کو خالی کراتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ غریب لوگوں کو متبادل اور معیاری رہائش گاہیں فراہم کی جائیں۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِصدارت سرکاری زمینوں اور جائیدادوں کو مناسب طور پر بروئے کار لانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم آفس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِدفاع پرویز خٹک، وزیر ِاطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔سرکاری املاک کی نشاندہی اور ان کے مستقبل کے استعمال کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی نے اب تک کی پیش رفت سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک وفاقی حکومت کی ایک ہزار 412املاک کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن میں سے 112املاک کی تصدیق کی جا چکی ہے، ان کا رقبہ 44ہزار 350کنال اور مالیت اربوں روپے ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 44350کنال پر مشتمل 43پراپرٹیز جب کہ خیبر پختونخوا میں 91املاک کی نشاندہی کی جا چکی ہے، اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان، ایبٹ آباد اور دیگر بڑے شہروں میں اربوں کی سرکاری املاک کو استعمال میں لا کر نہ صرف ان کا صحیح مصرف یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان کو کثیر آمدنی کا مستقل ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔