پی پی ۔ن لیگ نے نیب ختم نہیں کیا اب بھگتیں۔فضل الرحمن
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے نیب ختم نہیں کرنے دیا اب بھگتیں۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف طرز پر نیب سیاسی انتقام لے رہا ہے، جب کہ تحریک انصاف نے احتساب کمیشن ختم کیا ہے تو نیب کیوں نہیں ختم کرسکتی۔انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قرضہ نہ لینے کی باتیں کرنے والوں نے روزانہ 15ارب کے قرضے لئے، اب ہر شخص ڈیڑھ لاکھ روپے کا مقروض ہے، زرمبادلہ ذخائر نصف اور اسٹاک ایکسچینج کریش کر گئی، لاکھوں گھر گرا دیئے اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے لیکن اب بھی آئی ایم ایف کی شرائط جاری ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دوسروں کو انڈیا سے دوستی کے طعنے دیتے تھے اب خود کرتارپور کھول دیا اور فائدہ بھی نہ ہوا، کرتارپورقادیانیوں کے لیے کھولاگیاہے جب کہ آسیہ بی بی کی بریت عالمی اداروں نے مالی مدد سے مشروط کی اور فیصلے کے بعد قادیانیوں کا لندن میں اجتماع ہوا جس میں عمران خان سے وعدے ایفاء کرنے کا کہا گیا۔سربراہ جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ آئین مقدس صحیفہ تو ہے لیکن اس پرعمل نہیں ہو رہا ہے ۔