لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے شوپیاں اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارتے ہوئے 5کشمیری نوجوانوں کو سنگبازی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار کئے گئے نوجوانوں میں محسن رشید لون ، فاروق احمد بٹ، شوکت احمد ٹھوکر اور آزاد احمد یتو شامل ہیں۔ادھر بھارتی فورسز نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں ایک گاؤں کو بھی محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ بھارتی فورسز کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں پر پتھراؤ کرتے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج گرفتاریوں کے ذریعہ کشمیریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ گرفتار نوجوانوں کے اہلخانہ کا بھی کہنا ہے کہ ان کے بیٹوں کو بلا وجہ گرفتار کیا گیا ہے‘ انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے اس سے قبل بھی بڑی تعداد میں تحریک آزادی میں سرگرم نوجوانوں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں اور جیلوں میں بند کیا جا چکا ہے۔ مقامی کشمیریوں نے ہندوستانی فورسز کی جانب سے حالیہ گرفتاریوں کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ دریں اثناء بانڈی پورہ کے کلہامہ گاؤں میں مبینہ طور پر کشمیری مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد راشٹریہ رائفلز کی 14ویں بٹالین ، جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے ایک مشترکہ کارروائی میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔