وفاقی دارالحکومت میں سوائن فلوکاپہلاکیس

0

اسلام آباد(اویس احمد) وفاقی دارالحکومت میں رواں برس موسمی انفلوئنزا(سوائن فلو)کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل 29سالہ سید سلمان فہد میں ایچ ون این ون وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مریض کی حالت تشویشناک ہے اور سانس لینے میں دشواری کے سبب اسے انتہائی نگہداشت کےو ارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مریض کو الگ رکھا گیا ہے اور لواحقین کو بھی مریض کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق نجی ہسپتال کی لیبارٹری میں بھجوائے گئے خون کے نمونے کے تجزیے سے ثابت ہوا ہے کہ سلمان فہد موسمی انفلوئنزا سے متاثر ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم میں سوائن فلو کے حوالے سے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ کھانسی، زکام، بخار اور جسم میں درد کی صورت میں ڈاکٹر سے چیک اپ ضرور کروایا جائے، متاثرہ افراد ماسک کا استعمال کریں، چھینکنے اور تھوکنے میں احتیاط کریں۔یاد رہے گزشتہ برس سوائن فلو سے ملک بھر میں درجنوں افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے سوائن فلو کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خصوصاً جنوبی پنجاب میں گزشتہ برسوں کے دوران اس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آئے۔ انفلوئنزا سے بچے، بزرگ افراد اور حاملہ خواتین زیادہ متاثرہو رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور این آئی ایچ نے انفلوئنزا ٹائپ اے (ایچ ون این ون) کو 2010میں موسمی فلُو قرار دیا تھا، جبکہ اس سے قبل اسے سوائن فلو کہا جاتا تھا۔ ملک بھر میں این آئی ایچ کی 7لیبارٹریاں مفت ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ یہ مراکز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، گلگت اور مظفرآباد قائم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More