ضیاء الرحمن چترالی
ایمزون کمپنی کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز (Jeff Bezos) اور ان کی اہلیہ نے اپنے راستے جدا کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جدائی کے بعد میکنزی، جیف بیزوز کی 137 ارب ڈالر دولت کے نصف حصے کی مالک بن جائیں گی۔ عالمی ذرائع ابلاغ میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دستیاب تاریخ کی سب سے مہنگی طلاق ثابت ہوگی۔ الجزیرہ کے مطابق جیف بیزوز گزشتہ برس بلیک فرائیڈے کے روز ریکارڈ بزنس کر کے سو ارب ڈالر سے زیادہ اثاثوں کا مالک دنیا کے پہلے شخص بن گئے تھے۔ بلومبرگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق اس وقت ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 137 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کے مالدار ترین فرد ہیں۔ گزشتہ بدھ کو جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ میکنزی نے شادی کے 25 برس بعد اچانک اپنے راستے جدا کرنے کا ٹوئٹر پر مشترکہ اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔ جوڑے نے بتایا کہ طویل عرصے تک الگ رہنے کے بعد ہم نے طلاق کا فیصلہ کیا ہے، مگر بطور دوست اپنی زندگیوں کو شیئر کرتے رہیں گے۔ ہم دنیا کو اپنی زندگی کے ایک اہم مرحلے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اس اعلان میں طلاق کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ اس لئے مختلف چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔ تاہم برطانوی روزنامے دی گارڈین کا کہنا ہے کہ جوڑے کی علیحدگی کا سبب جیف بیزوز کا معاشقہ ہے۔ جریدے نیشنل انکوائرر نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جیف بیزوز انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ایک ایجنٹ کی اہلیہ سے دلچسپی لے رہے ہیں۔ جس پر میکنزی نے جیف کو منع کیا تھا، مگر وہ باز نہیں آئے تو نوبت طلاق تک پہنچ گئی۔ 54 سالہ جیف بیزوز اور48 سالہ میکنزی کی ملاقات نیو یارک کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہوئے تھی اور بعد میں انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے فوری بعد وہ نیو یارک سے سیایل منتقل ہوگئے۔ میکنزی نے متعدد ناول تحریرکئے۔ 1993ء میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے کے 4 بچے بھی ہیں۔ جیف اور میکنزی کے مابین جدائی دنیا کی مہنگی ترین طلاق ثابت ہو سکتی ہے۔ مالدار افراد کی طلاق ہمیشہ بہت مہنگی پڑتی ہے۔ جدائی کے باعث جیف بیزوز سے بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا ٹائٹل چھن سکتا ہے، یہ اعزاز گزشتہ تین برس سے جیف کے پاس ہے۔ مگر اس کا انحصار چند باتوں پر ہوگا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ارب پتی افراد کے اثاثے اکثر بہت پیچیدہ ہوتے ہیں اور عموماً ایسے ہوتے ہیں جن کی فوری فروخت ممکن نہیں ہوتی، جیسے جیف بیزوز کے بیشتر اثاثے ایمازون اسٹاک سے جڑے ہیں۔ بیزوز خاندان ریاست واشنگٹن میں مقیم ہے اور یہ بھی جیف بیزوز کے لیے معاملات مزید پیچیدہ بنائے گا، کیونکہ یہ کمیونٹی پراپرٹی اسٹیٹ ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ جوڑے نے شادی کے بعد جو اثاثے بنائے، وہ علیحدگی کی صورت میں ان میں برابر برابر تقسیم ہوں گے۔ جیف بیزوز شادی سے پہلے عام ملازمت کرتے تھے اور میکنزی جب ان کی زندگی میں آئیں تو اس کے بعد ہی انہوں نے ایمزون کی بنیاد رکھی تھی اور عروج کی جانب ان کا سفرشروع ہوا۔ اگر اس ریاست کے اصولوں پر یہ طلاق ہوتی ہے تو جیف بیزوز کو 137 ارب ڈالرز میں سے 50 فیصد یعنی 68.5 ارب ڈالرز میکنزی بیزوز کو دینا پڑیں گے اور وہ دنیا کی امیر ترین خاتون بن جائیں گی۔ ایمازون کے بانی اس سے اسی وقت بچ سکتے ہیں، جب انہوں نے شادی سے قبل یا بعد میں اپنی اہلیہ سے کوئی معاہدہ کر رکھا ہو۔ قانونی ماہرین کے مطابق اکثر بہت زیادہ امیر افراد شادی سے قبل معاہدہ کرلیتے ہیں کہ علیحدگی کی صورت میں ان کے اثاثے کس حد تک بیوی یا شوہر کو ملیں گے۔ یہ واضح نہیں کہ بیزوز خاندان نے ایسا کوئی معاہدہ کر رکھا ہے یا نہیں۔ اگر نہیں تو میکنزی کو ایمازون کی ویلیو کے مطابق کم از کم 66 ارب ڈالرز تو واشنگٹن کے کمیونٹی پراپرٹی لا کے مطابق ملیں گے۔ تاہم ٹی ایم زی کی ایک رپورٹ کے مطابق جیف بیزوز نے اپنی بیوی سے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کر رکھا ہے اور علیحدگی کی صورت میں انہیں اپنے 50 فیصد اثاثوں سے محروم ہونا پڑے گا۔ اگر طلاق کا معاملہ اس رقم پر طے ہوا تو جیف بیزوز کو ایمازون میں اپنے حصص فروخت یا سابقہ اہلیہ کو منتقل کرنا ہوں گے، جس سے وہ کمپنی کی ملکیت اور کنٹرول سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔ جیف بیزوز کے پاس اس وقت ایمازون کے 16 فیصد کے قریب حصص ہیں، جن کی تعداد 79ملین اور مالیت 137 ارب ڈالر ہے۔ اگر وہ نصف یعنی 39 ملین حصص میکنزی کو دیدیں تو وہ 66 ارب کی مالک بن جائیں گی۔ الجزیرہ کے مطابق میکنزی حصص کے بجائے نقد رقم کو ترجیح دے سکتی ہیں۔ اس صورت میں جیف کو اپنی کمپنی کے نصف حصص بیچنے کرنے پڑیں گے۔ ایک ساتھ 39 ملین حصص بیچنے سے ان کی قیمت بھی موجودہ ریٹ سے کم ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر کسی فرد کے اثاثے کمپنی اسٹاک سے منسلک ہوں جیسے جیف بیزوز کے ہیں تو انہیں طلاق پر کافی پیچیدگیوں کا سامنا ہوگا۔ ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوگا کہ وہ میکنزی کو اربوں ڈالرز کس صورت میں ادا کریں، اگر کمپنی کے حصص ٹرانسفر کردیں تو کمپنی کا کنٹرول کھو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے بھی امکانات ہیں کہ میکنزی کی خواہش ہو کہ خاندان کے اثاثے بڑھتے رہیں، جن کا انحصار جیف بیزوز کے کمپنی کے کنٹرول پر ہے، تو وہ ایسی صورت میں ایسے تصفیے پر زور نہیں دیں گی، جس کے باعث ایمازون کے بانی کو حصص فروخت کرکے کنٹرول کھونا پڑے یا ان کے حصص 15 یا 16 فیصد سے کم ہو جائیں۔ اثاثوں کی تقسیم اس لیے بھی مشکل ہے، کیونکہ ایمزون کے اثاثوں سے ہٹ کر اس جوڑے کی ملکیت میں 4 لاکھ ایکڑ جائیداد بھی ہے، جبکہ جیف بیزوز اسپیس کمپنی بلیور اوریجن اور معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ کے بھی مالک ہیں۔ واضح رہے کہ ایمزون ای کامرس یعنی آن لائن تجارت کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ اس سے قبل روسی بزنس مین دمتری نے اپنی بیوی ایلینا کو طلاق کے بعد 604 ملین ڈالر ادا کئے تھے۔ جسے اب مہنگی ترین طلاق شمار کیا جاتا ہے۔
٭٭٭٭٭
Next Post