چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس فائز کو بینچ سے نکالنے کیخلاف ساتھی جج کافیصلہ

0

اسلام آباد(امت نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے 9 مئی 2018 کو انسانی حقوق کے مقدمے کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے جسٹس فائز عیسیٰ کے اختلافی ریمارکس پر بینچ توڑنے اور پھر جسٹس فائز کے بغیر دوبارہ بینچ بنانے کے معاملے پر آٹھ ماہ بعد خاموشی توڑتے ہوئے ایک سخت فیصلہ تحریر کیا ہے ۔6 صفحات پر مشتمل فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائیٹ پر بھی جاری کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ رپورٹنگ کے لیے منظور شدہ ہے لہٰذا امت اسے مختصراً شائع کر رہا ہے۔ فیصلے میں پس منظر بیان کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے دن پشاور میں انسانی حقوق کے مقدمات سنتے ہوئے ایک موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے وکیل سے پوچھا کہ کیا (سپریم کورٹ کے بجائے )ہیومن رائٹس سیل کے ڈائریکٹر کو یہ کیس اس طرح لگانے کا اختیار تھا تو چیف جسٹس نے اس اختلاف پر فورا کہا کہ یہ بنچ ٹوٹ گیا ہے اور ہم ازسر نو بنچ تشکیل دیں گے ۔ جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلے کے مطابق دوبارہ عدالت لگی تو اس میں جسٹس قاضی فائز شامل نہ تھے، چیف جسٹس اور میں نے مقدمات سنے ۔ بعد ازاں جسٹس قاضی فائز نے اختلافی نوٹ لکھا ۔جس میں ان کاکہنا تھاکہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ عوامی اہمیت کےحامل انسانی حقوق کے معاملے میں حکم جاری کر سکتی ہے تاہم ڈائریکٹر کو یہ اختیار سنبھالنے کا حق نہیں ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا کہ میں آج تک انتظار کرتا رہا کہ 9 مئی کو سنے گئے مقدمات میں چیف جسٹس تحریری حکم جاری کریں گے اور جسٹس قاضی فائز کے نوٹ کا بھی جواب دے کر آئینی سوالات کا جواب دیں گے مگر تاحال ایسا نہ کرنے پر میں بینچ کے رکن کی حیثیت سے اپنی آئینی ذمہ داری کے تحت یہ فیصلہ لکھ رہا ہوں کیونکہ چیف جسٹس 17 جنوری کو ریٹائر ہو رہے ہیں ۔ جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا کہ انہوں نے چیف جسٹس کو مشورہ دیا تھا کہ سماعت میں وقفہ دے کر ججز اس معاملے پر چیمبر میں بات کریں لیکن جسٹس ثاقب نثار نے کھلی عدالت میں اعلان کردیا کہ بینچ ٹوٹ گیا ہے اور اب دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ جسٹس منصور نے کہاکہ اس روز بنائے گئے نئے بینچ کے منظور کردہ حکم نامے پر بھی انہوں نے اس وقت تک دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جب تک جسٹس فائز عیسیٰ کے نوٹ کا جواب نہیں دیا جاتا۔ یہ پس منظر بیان کرنے کے بعد انہوں نے دلائل کے ساتھ اپنا آرڈر لکھا جس میں جسٹس منصور نے کہاکہ اگرچہ چیف جسٹس کو بنچ بنانے کا اختیا رہے تاہم بینچ کی تشکیل اور کاز لسٹ جاری ہونے کے بعد چیف جسٹس مخصوص وجوہات کے سوا اس کی تشکیل نو نہیں کر سکتے، ججوں میں اختلاف کو تشکیل نو کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ جسٹس منصور نے لکھا کہ میں اپنے ساتھی جج قاضی فائز سے متفق ہوں کہ چیف جسٹس کا ان مقدمات میں بنچ کا دوبارہ تشکیل دینا غیر ضروری تھا اور اس کی عدالتی مثال پہلے نہیں ملتی جس سے نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچا ۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اس دن ازسر نو تشکیل دیے گئے بنچ کی جانب سے سنے گئے مقدمات کی دوبارہ سماعت کیلئے بنچ تشکیل دیے جائیں اور مقدمات کے اسٹیٹس کے حوالے سے عدالتی ریکارڈ کو درست کیا جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More