کولگام میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری شہید
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کے کولگام ضلع میں بھارتی فوج نے مزید2کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جس پر ہزاروں کشمیریوں نے سخت احتجا ج کیا ہے۔ دونوں کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز اور کشمیریوں کے مابین مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ اس دوران بھارتی فورسز کی جانب سے بدترین لاٹھی چارج ، آنسو گیس کی شیلنگ اور پیلٹ گن کے چھرے برسائے جاتے رہے۔ حریت کانفرنس (ع) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبراور بے انتہا مظالم کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کررہا ہے جس کے بعد انہیں بے دردی سے قتل کردیتا ہے۔بھارتی فوج اور سی آرپی ایف نے کولگام ضلع میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی۔ یاری پورہ علاقہ میں دونوں کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مارکر شہید کئے جانے کے بعد ہزاروں کشمیریوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ بھارتی فوج کی شیلنگ اور پیلٹ گن کے چھرے برسانے سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے۔ حریت کانفرنس (ع) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آزادی پسند رہنما عبدالصمد انقلابی سمیت تین افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور جموں کی کوٹ بھلوا ل جیل میں ان کی منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بہیمانہ کارروائیوں سے ہی کشمیری نوجوانوں کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبورکیا جارہا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ میں بھارتی آئین کی دفعہ 35 اے کے حوالے سے رواں ماہ سماعت ہورہی ہے اوراگرمذکورہ دفعہ کے حوالے سے کوئی ایسا فیصلہ سامنے آیا جو کشمیر کی متنازعہ حیثیت متا ثر کرنے کا باعث بنے تو کشمیری ایک زبردست احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے۔ میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں پر بھی زو دیا کہ وہ جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی مکروہ بھارتی کوششوں سے پوری طرح ہوشیار ہیں۔