بلاول نےاسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی دے دی
کوٹری/ اسلام آباد (نمائندہ امت/ مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل وفاقی حکومت سندھ کے عوام سے سوتیلا سلوک کرر ہی ہے، اگر عوام نے اسلام آباد پر چڑھائی کردی تو حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، جبکہ سینیٹر فیصل جاوید نے ردعمل میں کہا ہے کہ پی پی چیئرمین اسلام آباد میں دھرنے کا شوق پورا کر لیں، انہیں جگہ ہم دینگے۔ کوٹری میں فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دھاندلی سے حکومت ملی، وفاقی حکومت جانتی ہے کہ وہ ہمیں میرٹ اور کام میں شکست نہیں دے سکتی، اسی لئے ہمارے خلاف سازشیں کررہی ہے۔ نااہل وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اور پی پی کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس بند کرکے سندھ میں کربلا برپا کردیا گیا ہے، اگر سندھ اور بلوچستان کے عوام نے اپنے احساس محرومی کی وجہ سے، جنوبی پنجاب کے عوام نے اپنا حق لینے کے لیے، پنجاب کے عوام نے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اور خیبر پختون کے عوام نے انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کرلیا تو تمہاری جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، ہمارے صبر کو لبریز نہ کرو تم سے پہلے بھی فرعون آئے ان سے سبق سیکھو۔بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت سوچ رہی ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرکے ان کو فائدہ ہوگا لیکن اگر وہ آئین پر کوئی حملہ کریں گے تو اس سے وفاق کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے الیکشن سے پہلے جتنے وعدے کیے سب جھوٹ نکلے، سبز باغ عوام کے لیے کانٹوں کا ہار بن گئے۔ حکومت جتنی آگے جارہی ہے ملک اتنا پیچھے جارہا ہے ملکی معتحک کمزور تر ہوگئی ہے۔ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں صنعتیں بند پڑی ہیں دکانوں پر تالے لگائے گئے ہیں غریبوں کے چولہے ٹھنڈے پڑتے جارہے ہیں، نیا روزگار مل نہیں رہا اور موجود روزگار پر بھی حملے ہورہے ہیں، جنہوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا تھا انہوں نے لوگوں سے روزگار چھین لیا۔جنہوں نے 50لاکھ گھر دینے تھے۔ انہوں نے لوگوں کے سروں سے چتے بھی چھین لی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی جے آئی ٹی اور جیل سے نہیں ڈرتے۔ ہم انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے، ہم انکے نیب اور جرنیل کی باقیات سے نہیں ڈرتے۔ ہم ضیا کے کوڑوں اور جیلوں اور پھانسی گھاٹ سے نہیں ڈرے مشرف کی آمریت کا بھی مقابلہ کیا تو تمہاری کیا حیثیت ہے، تم تو کٹھ پتلی اور بے نامی وزیر اعظم ہو۔دوسری جانب تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول دو چار لوگ لے کر اسلام آباد پر چڑھائی کرنا چاہتے ہیں، تو شوق پورا کر لیں، ہم انہیں جگہ دیں گے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ یہ لوگ بھی عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ پورا کر نہیں سکے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ بلاول کا کہا ہوا سمجھ نہیں آتا، وہ خود کچھ نہیں کر رہے، بس عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر تنقید کرنے والوں نے اتنے عرصے میں خود عوام کے لیے کیا کیا؟ اس کا جواب نہیں دیتے، سندھ کےعوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔