کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز نے متحدہ لندن کے 4 ڈکیت اور گینگ وار غفار ذکری کے کارندے سمیت 5 ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، جبکہ سی ٹی ڈی نے متحدہ لندن کے خطرناک دہشت گرد رئیس مما کے قریبی ساتھی کو دھرلیا۔گینگ وار دہشت گرد قتل کی 11 وارداتوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث ہے۔ دہشت گرد کے خلاف 25 مقدمات درج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر رئیس عرف مما کے قریبی ساتھی محمد مزمل عرف ہلکا کو گرفتار کرلیا۔ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے 2001 میں سیکٹر انچارج رئیس مماکے کہنے پر اعجاز شاہ نامی شخص کو قتل کیا۔ملزم نے مختلف علاقوں میں رئیس مما کے کہنے پر بھتہ وصولی ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ رینجرز کی انٹیلی جنس ٹیم نے علی محمد محلہ لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم شہزاد عرف محمد عظیم عرف فیضو دادا کو گرفتار کیا۔ملزم کیخلاف بغدادی تھانے میں 25 ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔ملزم کے سر کی قیمت 3 لاکھ روپے مقرر ہے۔دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کی وارداتوں میں لوث ہے۔دہشت گرد 11 افراد کی قتل اور متعدد افراد کو زخمی کرنے میں ملوث ہے ۔2011 میں ملزم نے گرفتار ی کے خوف سے محمد عظیم سکنہ تربت کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بھی بنوایا۔10جولائی 2018 کو پولیس نے غفار ذکری کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار ا لیکن ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا۔ملزم جولائی 2018 تک غفار ذکری کے ساتھ رابطے میں تھا۔رجمان رینجرز کے مطابق ملزم شہزاد عرف محمد عظیم عرف فیضو دادا کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔شرافی گوٹھ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ٹارگٹ کلرز محمد اقبال عرف شاہین عرف باجا، کامران الرحمان عرف کامی، محمد ناظم الدین عرف کالا اور سلیم احمد خان عرف سلیم سونارا کو گرفتار کیا، جو ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔سول لائنز اور درخشاں کے علاقوں سے رینجرز نے متحدہ لندن کے 4 ڈکیتوں عبدالزاہد عرف پاشا، آصف علی عرف اسدی، اسلم پرویز عرف تیلی اور ظہیر احمد عرف چینا کو گرفتار کیا، جن کا تعلق متحدہ لندن سے ہے ۔ملزمان مسلح لوٹ مار کرنے اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے ۔