سعید آبادپولیس مغوی طالبعلم بازیاب کرانے میں ناکام-بہنوئی کیخلاف مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سعید آباد پولیس مغوی طالبعلم کوبازیاب کرانے میں تاحال ناکام ہے،اغوا میں ملوث بہنوئی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ سیکٹر 4/E مکان نمبر 471 کے رہائشی 12 سالہ دانیال ولد محمد اشتیاق گزشتہ روز اسکول سے واپسی پر علی چوک سے اغوا ہوگیا تھا، مغوی کے بہنوئی علی اکبر کیخلاف درج مقدمے میں مدعی محمد اشتیاق کا کہنا ہے کہ دانیال کو اس کے داماد علی اکبر نے اغوا کیا ہے، ملزم کے 2 بھائی لیاری گینگ وار سے تعلق کے شبے میں مارے جا چکے ہیں، علی اکبر پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں اور وہ کئی بار جیل بھی جاچکا ہے، ملزم ایک سال قبل بھتے کیلئے اشتیاق کو بھی اغوا کر چکا ہے، مدعی اشتیاق نے مطالبہ کیا کہ پولیس دانیال کو بازیاب کرائے اور انہیں تحفظ فراہم کرے۔ مغوی کے چچا نعیم مغل نے امت کو بتایا کہ علی اکبر رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔