ان ہاؤس تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں-پیپلزپارٹی
سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت میں اہلیت، پالیسی اور رویے کا فقدان ہے اس کے باوجود وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ہوں عوام موجودہ حکومت سے ایک بھی نوکری کی توقع نہ کرے۔سکھر میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ سیاست گالم گلوچ نہیں، سیاست عبادت ہے مگر ہم سیاستدان الیکشن میں آکر بڑے دعوے کرکے جاتے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ہر بدھ کو آکر پارلیمنٹ آکر جواب دوں گا،5 ماہ گذر گئے مگر وزیراعظم پارلیمنٹ نہیں آئے، وزیر اعظم گمشدگی کے لیے اشتہار دینا پڑے گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت غریب کا گلا دبا کر امیروں کو ٹیکس کی چھوٹ دے رہی ہے، بجلی و گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، یوریا کی بوری کی قیمتوں میں دگنا اضافہ کردیا گیا، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا مگر حکومت پوچھنے کو تیار نہیں جب کہ ہمارا وعدہ ہے جب اقتدار میں آئیں گے تو تنخواہوں میں دگنا اضافہ کریں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو کام کرنے دیں، ان ہاؤس تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں تاہم مہنگائی اور عوامی مسائل پر قومی اسمبلی میں احتجاج کریں گے اور اب دیکھیں گے فوجی عدالتوں کی ضررورت ہے بھی یا نہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی تباہی کی وجہ پارلیمان کا راستہ بھول کر باہر کا راستہ پکڑنا ہے اور عمران خان کو جس طرح سیٹیں ملیں اس لیے وہ درست کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ جعلی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مرادعلی شاہ کا نام ای سی ایل سے نہ نکال کر حکومت نے سپریم کورٹ کو چیلنج کیا، زرداری صاحب یا ہماری باتوں سے کہاں لگتا کہ کوئی ڈیل ہوئی ہے۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے قریب آنے سے متعلق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نواز شریف سے تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے، جیل میں جا کر ملنے کی روایت موجود نہیں ہے۔خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ سلطان راہی کی طرح بڑھکیں پسند کرتے ہیں، علیمہ خان کی جائیداد کے بارے میں عمران خان کو وضاحت دینا ہوگی۔