اپوزیشن آج قومی اسمبلی میں حکومت کو ٹف ٹائم د ے گی
اسلام آباد (خبرایجنسیاں) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج شام چار بجے ہوگا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ، مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت ایم ایم اے فوجی عدالتوں کی توسیع کے حوالے سے مشاورت کریں گی۔ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں میں توسیع پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے فی الحال کوئی عندیہ نہیں دیا۔ذرائع کے مطابق (ن )لیگ اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کے الگ الگ اجلاس بھی طلب کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی دوبڑی جماعتیں نواز شریف کے جیل میں ناسازی طبیعت اور جے آئی ٹی رپورٹ پر احتجاج کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ مہنگائی، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نیب کارروائیوں اور دیگر معاملات پر شہباز شریف خورشید شاہ اور دیکر ارکان بات کریں گے۔ حکومت ضمنی بجٹ کا بل ایوان میں پیش کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کے دوران احتجاج اور بائیکاٹ کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ۔پیپلز پارٹی بھی آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر احتجاج اور بائیکاٹ کرے گی اور ای سی ایل سے نام نکالنے کا مطالبہ کرے گی عرب امارات کے ولی عہد کے دورہ دورانیہ پر حکومتی رہنماوٴں کے مختلف بیانات کا معاملہ بھی اپوزیشن اٹھائیگی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہوسکے(ن )لیگ کی بار بار درخواست کے باوجود سپیکر اسد قیصر پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر خاموش ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی قانون سازی برانچ نے اپنی رائے کے ساتھ فائل سپیکر کو بھجوائی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر گزشتہ روز جاری کیے تھے۔ اجلاس سے قبل سپیکر کی زیر صدارت ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں رواں سیشن کے لئے اجلاس کا دورانیہ اور ایجنڈے کا فیصلہ کیا جائے گا۔