شہباز شریف – حمزہ کیخلاف ہنڈی کے ذریعے رقم منتقلی کی تحقیقات

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )ہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے ادھر سے ادھرکرنے پر قومی احتساب بیورو(نیب)نے ایک اور کیس تیار کرلیاہے جس میں مبینہ طورپر میاں شہبازشریف اور حمزہ شہبازکوملوث قرار دیاجارہاہے ۔ نیب حکام نے 17 افراد کے بیانات ریکارڈ کر لئے ہیں لیکن ابھی ان گواہوں کے نام خفیہ رکھے جارہے ہیں ۔ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب)سیاسی شخصیات کے خلاف بدعنوانی کے معاملات پر اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اب یہ پتہ چلاہے کہ نیب کوبعض گواہوں نے شواہد دے دیئے ہیں جن کی بنیادپرشہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایک اور کیس کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف ،حمزہ شہباز اور سلمان شہبازپرہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے منتقلی کاالزام ہے۔ نیب پہلے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ہنڈی کے ذیعے کروڑوں روپے کی منتقلی کے انکشاف کے بعد کیس کی تحقیقات مزید تیز کردی گئی ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ ان شواہد میں پتہ چلاہے کہ ہنڈی کے ذریعے ایک بڑی رقم بیرون ملک منتقل کی گئی ہے جس کاسراغ لگالیاگیاہے ذرائع کاکہناہے کہ رواں ہفتے چیئرمین نیب کواس معاملے پر بریفنگ دی جائے گی جس کے بعدچیئرمین نیب اس کیس کے بارے میں معاملہ نیب کے بورڈاجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کریں گے ۔ذرائع کاکہناہے اس کیس میں کئی اہم نام سامنے آنے کاامکان ہے جن میں بیوروکریٹس اور بعض سیاستدان بھی شامل ہیں ۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ فروری کےآغازمیں اس کیس سے متعلق کئی انکشافات سامنے آسکتے ہیں ذرائع کے مطابق نیب نے اپنی کاروائیاں بڑھادی ہیں اور چیئرمین نیب کی ہدایت کی روشنی میں بدعنوانی کے معاملات میں تیزی لائی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More