اسرائیلی تیراک کی ملائیشیا میں داخلے پر پابندی
کوالالمپور (امت نیوز)ملائیشیا نے ٹوکیو پیرالمپکس 2020 کےلئے ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں میں شرکت کےلئے آنے والے اسرائیلی تیراک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جس پر انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی نے مایوسی کا اظہار کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کی مشرقی ریاست ساراواک کے شہر کوچنگ میں 24 جولائی سے 4 اگست تک پیرالمپک کوالیفائنگ مقابلے ہوں گے جہاں 70 ممالک سے سیکٹروں تیراک شریک ہوں گے۔خیال رہے کہ ملائیشیا ان اسلامی ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں اور اسرائیلی پاسپورٹ پر ملک میں داخلے کی پابندی ہے۔ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے واضح کیا کہ کوالالمپور کی جانب سے اسرائیل کے تیراک کو مقابلوں میں شرکت کے لیے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔مہاتیر محمد نے اپنے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم لاتعلقی کے اپنے عزم پر کھڑے ہیں، اگر وہ آتے ہیں تو یہ خلاف ورزی ہوگی۔