سرفراز کی قیادت میں پاکستان کو دوسرا وائٹ واش

0

محمد علی اظہر

مختصر طرز کی کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ سرفراز کی کپتانی میں پاکستان کو دوسری وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ اب تک پاکستان اوے ٹیسٹ مقابلوں میں صرف 2 ہی میچ جیت سکا ہے، جس میں سے ایک آئرلینڈ کے خلاف تھا۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں رسوا کن شکست پر پاکستان کی ٹیسٹ درجہ بندی میں مزید تنزلی واقع ہوگئی ہے اور اب سرفراز الیون ون ڈے کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی 7 ویں نمبر پر آگئی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کی بطور کپتان کامیابیوں کا تناسب 33 فیصد رہ گیا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جہاں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی اجارہ داری قائم تھی، اب وہ بھی ختم ہونے لگی ہے۔ اس کی حالیہ مثال نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 2-1 سے ناکامی ہے۔ ماہرین کی جانب سے مسلسل شکستوں کا ذمہ دار سینئر کھلاڑی خصوصاً بیٹسمینوں کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ان میں سابق نائب کپتان اظہر علی اور اسد شفیق سرفہرست ہیں۔ جبکہ خود کپتان سرفراز احمد بھی آؤٹ آف فارم ہیں اور جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں 4 بار کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح اسٹار بیٹسمین بابر اعظم بھی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے اور جنوبی افریقی وکٹوں پر کوئی بھی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی سنچری اسکور نہیں کر سکا۔ اس کے برعکس پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کے دو بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان فاف ڈو پیلیسی نے 100 کا ہندسہ عبور کیا۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ سے جمع کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 13 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جن میں پاکستان صرف 4 میچ جیت سکا۔ جبکہ 12 میچوں میں ناکامی ہوئی اور ایک میچ ڈرا ہوا۔ سرفراز احمد نے ستمبر 2017ء میں ٹیسٹ قیادت کی کمان سنبھالی تھی اور ان کی کپتانی میں پاکستان کی پہلی سیریز سری لنکا کیخلاف امارات میں ہوئی، جس میں مہمان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو 2-0 سے وائٹ واش کیا۔ مئی 2018 میں پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا، جہاں آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول تھی، جس میں سرفراز الیون نے ایک ٹیسٹ میچ جیتا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ انگلینڈ کے نام رہا۔ یوں یہ سیریز ڈرا ثابت ہوئی۔ ستمبر میں آسٹریلیا نے امارات کا دورہ کیا، جہاں پاکستان نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے کامیابی سمیٹی۔ جبکہ نیوزی لینڈ کیخلاف اپنی ہوم سیریز میں سرفراز الیون کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور کیویز نے 2-1 سے سیریز جیت لی۔ یوں امارات کے میدانوں میں بھی پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی گرفت کمزور پڑنے لگی ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ کی پُرخطر وکٹوں پر پاکستانی بیٹسمینوں کا حوصلہ ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر جواب دے گیا۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں قومی ٹیم شاداب خان کی بھرپور مزاحمت کے باوجود 273 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 107 رنز سے ناکامی کے بعد وائٹ واش کی خفت اٹھانا پڑی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ گیارہویں سیریز تھی۔ مصباح الحق کی قیادت میں 2013ء میں بھی پاکستان اوے سیریز کے تینوں میچ ہارا تھا۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 1994ء میں کھیلا اور اب تک 26 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان جنوبی افریقہ کیخلاف صرف 4 میچز جیتا ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ 15 میچز میں کامیاب رہا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئیں۔ پاکستان 24 برس میں جنوبی افریقہ کے میدانوں میں صرف 2 ٹیسٹ جیت سکا ہے، گرین شرٹس نے 1998ء میں ڈربن اور 2007ء میں پورٹ الزبتھ میں پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ 2013ء میں ابوظہبی میں جیتا تھا۔ دوسری جانب پروٹیز نے قومی ٹٰیم کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے بعد نئی رینکنگ جاری کی ہے، جس میں پروٹیز نے لمبی چھلانک لگاتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ جبکہ قومی ٹیم کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی چوتھی پوزیشن تھی، جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر موجود تھا، جو اب 7 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلادیش نویں اور زمبابوے دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔ واضح رہے کہ جب پاکستان نے دورئہ جنوبی افریقہ کا آغاز کیا تھا تو ٹیم کے پوائنٹس 92 تھے، جو اب 4 پوائنٹس کمی کے بعد 88 ہوگئے ہیں۔ ٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More