قتل میں معاون متحدہ لندن کے کارکن سمیت 23 گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس اور رینجرز نے سنی تحریک کے کارکن کے قتل میں معاونت کرنے والے متحدہ لندن کے کارکن اور منشیات فروشوں سمیت 23 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔متحدہ لندن کے بھتہ خور کو بھتہ لیتے ہوئے پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے غازی ٹائون سے متحدہ لندن کے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ملزم شہباز عرف ماما نے 2013میں سعید بھرم کے کہنے پر سنّی تحریک کے کارکن کاشف قادری کے قتل میں سہولت کاری کی تھی۔کاشف قادری کو 5نمبر شاہ فیصل کالونی میں کالا دانش، کالی بلوچ، ثاقب، اور ارشاد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا۔گرفتار ملزم 2010میں متحدہ لندن کے لیے برنس روڈ، ریڈیوپاکستان، شاہ فیصل کالونی اور کراچی کے مختلف علاقوں سے بھتہ وصول کرتا تھا۔ملزم متحدہ لندن کے اصغر اور حامد پیا کادوست ہے۔ملزم کے مطابق وارداتوں کے لیے اسلحہ پارٹی دیا کرتی تھی۔ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ بھتہ لینے آیا تھا کہ پولیس نے گرفتارکرلیا۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم شہباز عرف ماما سے غیر قانونی اسلحہ، آوان بم اور ایک کلو سے زائد چرس بھی برآمد ہوئی۔ملزم کےخلاف منشیات، غیر قانونی اسلحہ سمیت دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کر لیا گیا۔زمان ٹائون پولیس نے بیوی کے قتل میں ملوث ملزم ناظم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے اپنی بہن اور بھائی کے ساتھ مل کر عریشہ کو قتل کیا تھا۔قائد آباد پولیس نے ملزم شریف اللہ ، زمان ٹائون پولیس نے 2ملزمان صغیر ،منیب گڈاپ سٹی پولیس نے منشایت فروش حسن علی، گلستان جوہر پولیس نے 2 ملزمان محمد اکبر عرف سلیم ، سلطان شاہ، ابراہیم حیدری پولیس نے لوٹ مار میں ملوث ملزم یوسف کو گرفتار کرلیا۔ملزمان سے اسلحہ ، منشیات و دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔شارع فیصل پولیس نے مقابلے کے بعد 3ملزمان رحیم، سلیم اور عاطف کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل اور نقدی برآمد کرلی۔ سرجانی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2موٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتار کیا۔ملزمان سرجانی ، بفرزون اور نارتھ کراچی کے علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کیا کرتے تھے ۔رینجرز نے کلری ، کورنگی، اور کھوکھرا پار کے علاقوں سے8ملزمان اور منشیات فروشوں شہزاد احمد لاشاری عرف عبداللہ، منیب، نعیم الدین، محمد صغیر عرف سمی، وحید، محمد فرحان، شہزاد علی عرف منا قاتلی اور مرتضی کو گرفتار کیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان اسلحہ، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد ہوئی۔