آئس بیچنے والا سابق اے این ایف افسر ساتھی سمیت گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایکسائز نارکوٹکس پولیس نے خفیہ اطلاع پر مائی کلاچی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے باہر آئس فروخت کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے 15 لاکھ روپے سے زائد کی آئس برآمد کرلی، ایکسائز نارکوٹکس پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اینٹی نارکو ٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹکس پولیس نے مخبر خاص کی اطلاع پر مائی کلاچی روڈ ریلوے کراسنگ پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے تعلیمی اداروں کے باہر طلبا وطالبات کو آئس فروخت کرنے والے دو ملزمان صابر سلطان اور ظاہر اللہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی۔ ڈویژنل انٹیلی جنس آفیسر ایکسائز اینڈ نارکو ٹکس کنٹرول محمد زبیر لاکھو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں صابر سلطان نامی ملزم اینٹی نارکو ٹکس فورس کا سابق سب انسپکٹر اور خود بھی نشے کا عادی ہے، جبکہ ملزم ظاہر اللہ کا تعلق بونیر سے ہے، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ منشیات بلوچستان سے منگواتے تھے جنہیں حب چوکی پر نامعلوم شخص آکر ڈلیوری دیتا تھا۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ شام کے اوقات میں کوچنگ سینٹرز، یونیورسٹی اور کالجز سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے اسٹوڈنٹس کو منشیات فروخت کرنے کے لئے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرتے تھے، ملزمان سے برآمد ہونے والی آئس کی مالیت 15لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔