جنوبی افریقہ تیسرے ٹیسٹ میں بھی کامیاب – پاکستان وائٹ واش
جوہانسبرگ(امت نیوز) پاکستانی بلے بازوں کی کرکٹ کے طویل فارمیٹ میں ناقص بلے بازی کا سلسلہ جاری ہے، جنوبی افریقہ نے تیسرا ٹیسٹ جیت کر گرین شرٹس کو وائٹ واش کی حزیمت سے دوچار کردیا، شاندار سنچری پر ڈی کوک مرد میدان جبکہ اولیفر سیریزکےبہترین کھلاڑی قرار دئیے گئے۔ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک نے دوسری اننگز میں 93 رنز پر 5 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد شاندار سنچری بنا کر پاکستان سے آخری ٹیسٹ میں فتح کا خواب چھین لیا۔ میچ کے ابتدا میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں کپتان جلد ہی پویلین لوٹ گئے، تاہم تجربہ کار ہاشمہ آملہ نے آئیڈن مارکرم کیساتھ 126 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو بھنور سے نکالا۔ ہاشم آملہ کے 41 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد آئیڈن بھی سنچری سے 10 رنز قبل پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں ڈی برائن نے 49 کی اننگز کھیل کر ان کا ساتھ دیا، اپنا پہلا میچ کھیلنے والے زبیر حمزہ نے41 رنز اسکور کئے۔ دونوں بلے بازوں نے ملکر اسکور 223 رنز تک پہنچایا، تاہم اس کے بعد پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 262 رنز پر ڈھیر کردیا۔ پاکستان نے پہلی اننگز شروع کی تووقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم اولیفر کی 5وکٹوں کی بدولت صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کیساتھ ہی جنوبی افریقہ کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔دوسری اننگز کی ابتدا میں پاکستانی بولرز نے93 رنز پر 5 کھلاڑیوں کوپویلین بھیجا، تاہم تجربہ کار ہاشم آملہ نے ٹیم کو سہارا دیا ،ڈی کوک نے 129 رنز کی اننگز کھیل ٹیل اینڈرز کیساتھ پاکستان کو 381 کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اب تک کا سیریز کا بہترین آغاز تھا اور 16 سال بعد پاکستان نے 50 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی گئی،تاہم اچھے آغاز کے بعد پاکستانی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 273 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ نے میچ 107 رنز سے اپنے نام کرلیا۔اسد شفیق نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے، جبکہ شاداب 47، شان مسعود 37 اور امام الحق 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ڈی کوک کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 24 وکٹیں لینے پر اولیفر کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلی گئی جبکہ جنوبی افریقہ نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔