جاسوس کی گرفتاری پر جرمنی میں ایرانی سفیر کی طلبی
برلن(امت نیوز)سائبر حملوں کے بعدجاسوسی کی ایرانی سرگرمیوں میں اضافے نےجرمنی سمیت یورپ بھر کو دہلا دیا ہے۔منگل کو جرمنی نےایک افغان کو ایران کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔جرمنی کی وزارت خارجہ نے جاسوسی کی کوششوں پر برلن میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔جرمن فیڈرل پراسیکیوٹر آفس کے مطابق افغانستان و جرمنی کی دہری شہریت کے حامل 50سالہ عبدالحمید جرمن فوج کیلئے کام کرتا رہا ہے اور اس پرایران کے خفیہ ادارے کوجرمنی کا عسکری ڈیٹا فراہم کئے جانے کا شبہ ہے ۔مشتبہ جاسوس کو منگل کو مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے ۔جرمن حکام کےمطابق عبدالحمید پر قوی شبہ ہے کہ وہ کسی غیر ملکی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرتا رہا ہے ۔وہ بنڈیسور(جرمن مسلح افواج ) کیلئے بطورماہر لسانیات و ثقافتی امور کام کرتا رہا ہے اور اس کے بارے میں باور کیا جاتا ہے کہ اس نے جرمن فوج کی داخلی معلومات ایرانی خفیہ ایجنسی کو فروخت کی ہیں۔جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے معاملے کی تفصیل ظاہر کئےبغیر کہا ہے کہ ایک فوجی کی جانب سے جاسوسی کاواقعہ وزارت کے علم میں ہے۔ جرمن نیوز میگزین ڈیرسپیگل کے مطابق عسکری کردار کے باعث عبدالحمید کو افغانستان میں تعینات جرمن فوجیوں کے بارے میں تفصیلات سمیت حساس معلومات تک رسائی تھی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جرمنی فوجی افغانستان میں گشت کے دوران افغانستان سے ہی تعلق رکھنے والے مترجموں کو ساتھ رکھتی ہے۔جرمنی کی داخلی سلامتی کی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے سائبر حملے جرمن کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کیلئے بڑا خطرہ بن چکے ہیں جبکہ جرمنی ان5ممالک میں شامل ہے جو2015کے جوہری معاہدے کو امریکہ کے نکل جانے کے باوجود بچانے کیلئے سرگرم ہے ۔