مارکیٹ کو1994میں بھی مشروط نوٹس جاری کئے گئے تھے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں ہول سیل بیٹریوں کی سب سے بڑی مارکیٹ کو 1994 میں بھی متبادل جگہ کی فراہمی سے مشروط کرتے ہوئے نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ محمد آصف کے مطابق گارڈن مارکیٹ کو 1994 میں بھی متبادل جگہ منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور اس وقت بھی دکانیں ختم کرنے سے متعلق نوٹس دیئے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد 1994 میں اس وقت کے ایڈ منسٹریٹر کراچی فہیم الزمان نے یقین دہانی کروائی تھی کہ مارکیٹ ختم کرنے سے قبل نئی جگہ دکانیں تیار کر کےمتاثرہ دکانداروں کو فراہم کی جائیں گی اور نئی دکانوں کی چابی فراہم کرنے کے بعد ہی مارکیٹ ختم کی جائے گی ،تاہم اس وقت نئی دکانیں نہیں بنائی گئیں ،لہذا مارکیٹ کو بھی ختم نہیں کیا گیا ،جب کہ اس بار متعدد بار یقین دھانی کے باوجود نئی دکانوں کی فراہمی سے قبل ہی مارکیٹ کو مسمار کر دیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کے ایم سی کی ملکیت تھی اور ہم اس پر ملکیت کا دعوی بھی نہیں کرتے ،تاہم ہزاروں افراد کوبے روزگار کرنے کے بجائے حکومت کو متبادل جگہ فراہم کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ پہلے ہی پریشان ہیں اور ایسے اقدامات بے روزگاری میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔