تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی وزرا کیخلاف پھٹ پڑے
اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کیخلاف حکمت عملی طے کرنے کے لئے بلائے گئے تحریک انصاف کے اجلاس میں اختلاف کھل کر سامنے آگئے،ارکان اسمبلی پھٹ پڑے اور وزرا کے خلاف شکایات کے انبار لگادیئے،ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ حالات یہی رہے تو جنوبی پنجاب میں آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا،چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی وزرا کے خلاف کھل کر اظہارخیال کیا، پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا اہم پارلیمانی اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال اور اپوزیشن اتحاد پر حکومتی حکمت عملی طے کی گئی جبکہ منی بجٹ پر اراکین کو اعتماد میں لیا گیا۔ اسد عمر نے حکومتی اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے ملکی اقتصادی صورتحال پر روشنی ڈالی اور حکومتی بیانیے کو پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان نے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑی محنت کر رہے ہیں تاہم زمینی حقائق بھی دیکھنے ہوں گے، ارکان اسمبلی اور وفاقی وزراء کے مابین روابط کا فقدان ہے، جب سے حکومت میں آئے ہیں پارٹی سطح پر رابطے ختم کر دیے گئے۔جنوبی پنجاب اور فیصل آباد ڈویژن کے ارکان نے بھی وزراء سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب سے آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چیف وہیپ عامر ڈوگر بھی وفاقی وزراء کے رویے سے نالاں نکلے اور انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو وزراء سے ملاقات اور بریفنگ کے لیے وقت مانگنا پڑتا ہے، وفاقی وزراء کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ آج کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ وزرا اپنے چیمبرز اور دفاتر میں ارکان کے ساتھ مسلسل رابطے کو یقینی بنائیں۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہفتہ میں ایک روز ہر وزیر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو بریف کرے گا۔