چیف جسٹس میاں ثاقب نثار آج ریٹائر ہو جائیں گے
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )چیف جسٹس میاں ثاقب نثار آج جمعرات کو اپنی مدت ملازمت مکمل کرتے ہوئے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے اور سینئر ترین جج جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کل جمعہ کو چیف جسٹس پاکستان کا منصب سنبھالیں گے ۔ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے لیے خراج تحسین پیش کرنے والے پیغامات کاسلسلہ بھی جاری ہے جبکہ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فل کورٹ ریفرنس آج جمعرات کوسپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک میں منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کل مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے اور اس عہدے کے لیے پہلے سے نامزد جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری کو حلف اٹھائیں گے۔
اسلام آباد(امت نیوز)چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی پر نظر ڈالوں تو لگتا ہے کہ میں اتنی عزت کا حق دار نہیں ہوں ، میں ایک عام سا وکیل تھا جس کے پاس بیرون ملک کوئی ڈگر ی بھی نہیں ۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ بارایسو سی ایشن کی جانب سے دئیے گئے الوداعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ یہ میرے لئے انتہائی عزت کی بات ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عشائیے کا اہتمام کیا، جب میں زندگی کے مختلف مراحل پر نظر ڈالتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں اتنی عزت کا حق دار نہیں ہوں، آج مجھے اتنی عزت سے نوازا جا رہا ہے، میں عام سا وکیل تھا اور میرے پاس بیرون ملک کی کوئی ڈگری نہیں تھی۔انہوں نے اپنے اپنے تعلیمی کیرئیر کی بات کرتے ہوئے کہا کہ میری میٹرک میں کوئی پوزیشن تھی اس کے علاوہ سب سیکنڈ پوزیشنز تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے کے بروہی صاحب ملک کے بڑے قانون دان سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے بھی بیرون ملک سے کوئی ڈگری حاصل نہیں کی تھی لیکن وہ قانون میں سب سے زیادہ مہارت رکھتے تھے۔اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ میں اپنے الفاظ کو پیرائے میں سمو نہیں سکتا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جس طرح 22 کروڑ عوام کی ترجمانی کی اس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا مقام بلند ہوا ہے۔