کانچ کے ذرات نکلنے پر پیراسیٹا مول کی ہزاروں سیرپ واپس

0

سانگھڑ (نمائندہ امت) محکمہ صحت سندھ کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جانے والی پیرا سیٹا مول سیرپ ناقص نکلی۔ چھوٹے بچوں کو بخار کی صورت میں دینے کیلئے مفت فراہم کی گئی سیرپ میں کانچ کے ذرات نکل آئے، جس پر ہزاروں بوتلیں واپس لے لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پروگرام کے تحت ضلع سانگھڑ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فیلڈ میں عوام کو مفت میں مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے ادویات دی جاتی ہیں، اس حوالے سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو چھوٹے بچوں کے بخار کے علاج کے لئے جو پیراسیٹامول کے سیرپ دی گئی تھی۔ اس کے معیار و رزلٹ کے متعلق عوام و عملے نے شکایات کرتے ہوئے اس سیرپ میں کانچ ودیگر ذرات کے موجود ہونے کا انکشاف کیا۔ ہزاروں بوتلوں میں کانچ کے ذرات و گٹھلی نما اجزا سے بچوں میں بخار اترنے کے بجائے ان کے استعمال سے بچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈی ایچ او آفس سانگھڑ کے فوکل پرسن ڈاکٹر علی محمد جونیجو نے بتایا کہ پیراسیٹامول سیرپ کے متعلق شکایات ملی ہیں اور واقعی اس دوائی کی بوتلوں میں یہ مضر صحت اجزا پائے گئے ہیں۔ تمام بوتلیں لیڈی ہیلتھ ورکرز سے واپس منگوائی گئی ہیں اور ان ہزاروں سیرپ کو واپس بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ لیبارٹری سے اس سیرپ کا ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More