فراڈیئے بینک مینیجر سمیت2 کو 5 برس قید
کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت فراڈ کا جرم ثابت ہونے پر بینک مینجر سمیت 2 افراد کو 5،5 برس قید اور ڈھائی کروڑ جرمانے کی سزا کا حکم دے دیا۔ مجرم نذیر احمد عرف ٹونی کو5 سال قید اور10 ملین روپے جبکہ مجرم شیخ اصغر کو5 سال قید اور 15 ملین جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے،جبکہ عدم ثبوت وشواہد کی بناپر 2 ملزمان محمد ندیم اور دلبر شاہ کو بری کرنے کا حکم دیا گیاہے۔ گزشتہ سماعت پر وکلا طرفین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔ دوران سماعت عدالت نے تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر سابق مینجر نذیر عرف ٹونی اور شیخ اصغر کو بالترتیب 5،5 سال قید کے علاوہ ایک کروڑ اور ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے عدم ثبوت وشواہد پر 2 ملزمان محمد ندیم اور دلبر شاہ کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے بینک مینجر نذیر عرف ٹونی کی مدد سے محکمہ ایکسائز کے نام پر جعلی اکاؤنٹ کھولا اور آنے والی چالان کی رقم اس میں ڈالتے رہے، ملزمان نے قومی خزانے کو 30 ملین روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔