لانڈھی میں ڈکیتی ناکام-رینجرز نے ڈاکو پکڑلیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرزنے لانڈھی نمبر 6 کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز کواطلاع ملی کہ لانڈھی نمبر 6کے علاقے میں ڈکیت شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں۔جس پرعلاقے میں موجود موبائل جائے واردات پر پہنچی۔رینجرز کودیکھتے ہی ڈکیت محمد عمران بنگالی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی جسے رینجرزکےجوانوں نے تعاقب کرکے ایک پسٹل سمیت گرفتار کرلیا۔واقعہ کے دوران دو شہری بھی معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری قریبی اسپتال منتقل کیا۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،گرفتار ڈکیت عمران بنگالی کے دیگر ساتھیوں کی گرفتار ی کے لیے رینجرز اور پولیس کی جانب سے آپریشن کیاجارہاہے۔علاوہ ازیں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کورنگی کے علاقے کے ایریا مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم شیخ محمد حنیف عرف ڈاڈا بھائی کو گرفتار کرلیا،ملزم کی نشاندہی پر اس کے دوسرے ساتھی ملزم شہروز کو کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر بھائی جان چوک سے گرفتار کیا گیا۔،ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے تین نوجوانوں کو لوٹنے کے غرض سے پیسے مانگے اور ان کے انکار کرنے پر ملزمان نے قاسم اورعمر پر گولی چلا دی جس کے نتیجے میں قاسم جاں بحق جبکہ عمر زخمی ہوگیاتھا۔