سابق انٹرپول چیف کی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں-فرانس میں پناہ کی درخواست
پیرس/بیجنگ (امت نیوز) چین میں گرفتار انٹر پول کے سابق چیف کی اہلیہ نے دھمکیوں کے باعث فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔ عالمی میڈیا کے مطابق دورہ چین کے دوران مینگ ہونگوی کی گمشدگی کے بعد سے گریس مینگ 7 سالہ بیٹی کے ہمراہ فرانس میں واقع انٹرپول کے ہیڈکوارٹر میں مقیم ہیں۔ چینی حکام نے ہونگوی کو گزشتہ برس اکتوبر میں کرپشن الزام میں تفتیش کیلئے گرفتار کیا تھا۔ گریس مینگ کا کہنا تھا کہ مجھے فون پر دھمکیاں مل رہی ہیں، جبکہ ایک چینی مرد اور خاتون نے میری گاڑی کو نشانہ بنایا اور ہوٹل تک میرا پیچھا کیا۔ چینی حکام نے گزشتہ سال اکتوبر میں کہا تھا کہ ہونگوی کرپشن اور رشوت خوری میں ملوث ہونے کے شبے میں زیر تفتیش ہیں۔