’’فٹنس کو بنیاد بناکر ٹیلنٹ ضائع کیا جارہا ہے‘‘
لاہور(خبر ایجنسی)عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والوں کو قومی ٹیم میں سلیکشن کے لئے اہمیت نہ دینے سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہتری نہیں آسکتی ، ٹیم کی پرفارمنس اسوقت ہی بہتر ہوگی جب ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کرنے والوں کو ان کا حق دیں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹیم میں فٹنس کی اہمیت ہوتی ہے لیکن اس کو وجہ بناکر اچھی تکنیک والے باصلاحیت کرکٹرز کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر تیز دوڑنا ہی اہمیت کا حامل ہوتا تو قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق پاکستانی ٹیم کا حصہ نہ ہوتے اور نہ ہی ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے آتیں ،رانا ٹنگا نے بھی تکنیک اور صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا میں اپنا نام کمایا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اسے فٹنس کی وجہ بناکر ضائع کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اچھے نتائج کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے ۔قومی ٹیم کے کوچز 30کھلاڑیوں کاپول بنائیں اور انہیں ورلڈ کپ کے لئے تیار کریں ۔