متحدہ جلسے میں الطاف کے نعرے پھر لگ گئے

0

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے لیاقت کالونی میں منعقدہ جلسہ عام میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کا جلسہ عام جمعہ کو رات میں لیاقت کالونی گراؤنڈ حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے اتحادی وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہارالحسن اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جلسے کے اختتام پر رہنماؤں کی موجودگی میں بڑے پیمانے پر گردان کی صورت میں مسلسل الطاف الطاف کے نعرے لگائے جاتے رہے، کورس کے انداز میں الطاف الطاف کے لگائے جانے والے نعروں میں بہت سے یوسی ناظمین اور عہدیداروں سمیت مجمع کا بڑا حصہ شریک رہا، عینی شاہدین کے مطابق ایم کیو ایم کے کچھ رہنماؤں نے رسمی انداز میں اس پر چند کارکنوں کو پکڑ کر بازپرس بھی کی، الطاف الطاف کے نعروں کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس سے یہ تاثر ایک بار پھر گہرا ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم کی اصل قیادت اب بھی الطاف حسین کے ہاتھ میں ہی ہے، جلسے کے لئے قریبی کئی شہروں سے ایم کیو ایم کے حامیوں کو کراچی سمیت کئی اضلاع سے بسوں میں بھر کر لایا گیا تھا۔ لیاقت کالونی گراؤنڈ کا کافی بڑا حصہ ایم کیو ایم کا ایک سہولت کار بلڈر بیچ کر کھا چکا ہے اس لئے اس چھوٹے گراؤنڈ میں بھرپور حاضری نظر آئی، تاہم سخی پیر روڈ پر جلسے کے وقت بھی کوئی رونق نہیں تھی اور پوری سڑک پر کاروبار کھلا ہوا تھا اور ٹریفک چل رہا تھا، ماضی میں جب حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے جلسے منعقد ہوتے تھے تو ایسا لگتا تھا کہ پورا شہر ایم کیو ایم کے جھنڈوں کے ساتھ سڑکوں پر آ گیا ہے لیکن بڑے پیمانے پر بلدیاتی وسائل استعمال کرنے اور ایم کیو ایم کی قیادت ارکان اسمبلی بلدیہ اعلیٰ کے قائم مقام میئر یوسی چیئرمینوں کی بھرپور کوششوں کے باوجود حیدآباد شہر کے لوگوں کی شرکت بہت محدود رہی، جلسہ گاہ میں 2 ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں اور ان میں فاصلہ بھی نمایاں نظر آ رہا تھا، جلسے کے وقت کا شام میں 4 بجے اعلان کیا گیا تھا مگر آغاز رات ساڑھے 7 بجے کے بعد ہو سکا اور نظم و ضبط کا بھی فقدان رہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More