فائرنگ کے دوران ماں نے بچوں کو آغوش میں چھپا لیا
اسلام آباد(امت نیوز) ساہیوال واقعہ کے دوران ماں نے اپنی جان دے کر بچوں کو بچا لیا۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کئے جانے پر گاڑی میں بیٹھی نبیلہ نے بچوں کو اپنی بانہوں میں لے کر خود گولیاں کھا لیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز ساہیوال میں پیش آنے والے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جب اہلکاروں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تو ایسے میں گاڑی میں بیٹھی خاتون نے اپنی موت سامنے دیکھتے ہوئے بھی بچوں کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔فائرنگ کے دوران خاتون نے بچوں کو اپنی آغوش میں چھپا لیا اور پولیس کی گولیاں اپنے جسم پر کھا لیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی تاہم اپنے 2 معصوم بچوں کی جان بچا گئی۔افسوسناک طور پر جاں بحق ہونے والی خاتون اپنی 13 سالہ بیٹی کو موت کے منہ میں جانے سے نہ بچا پائی۔