ایبٹ آباد میں آتشزدگی سے 18دکانیں خاکستر
ایبٹ آباد(نمائندہ امت )ایبٹ آباد میں زربت مارکیٹ میں بجلی کے شارٹ سڑکٹ کے باعث آتشزدگی کے نتیجہ میں 18دکانوں میں موجود ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کاسامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔واپڈا حکام کو اطلاع کے باوجود بروقت بجلی بند نہ کرنے پر زیادہ نقصان ہوا۔متاثرہ تاجروں نے شدیداحتجاج کرتے ہوئے تھانہ کینٹ میں ایکسیئن واپڈا،ایس ڈی اواورلائن مین کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دے دی ہے۔انجمن تاجراں گامی اڈہ کے صدر سجاد خان کے مطابق جمعہ کی رات ایبٹ آباد گامی اڈہ کے قریب واقع زربت مارکیٹ کی ایک دوکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی ۔آگ کے شعلوں نے مارکیٹ میں موجود دیگر 17دوکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کی اطلاع پر ریسیکو1122کی ٹیم موقع پرپہنچ آئی اورآگ پر قابوپایا۔تاجروں نے مطابق انہوں نے آتشزدگی کے اطلاع واپڈا کو ایکسیئن کو بھی دی تاہم واپڈا حکام کی جانب سے بروقت بجلی بند نہ کرنے پر تاجروں کا زیادہ نقصان ہوا۔ہفتہ کے روزانجمن تاجراں گامی اڈہ کی صدرسجاد خان کی قیادت میں تاجروں نے احتجاج کیا۔احتجاج کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف اورایس ایچ اوتھانہ کینٹ سردار رفیق پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ آئے ۔تاجروں نے اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے نقصان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واپڈا حکام کی غفلت کے باعث تاجروں کا زیادہ نقصان ہوا۔اس موقع پر تاجروں نے ایس ایچ اوتھانہ کینٹ کوایکسیئن واپڈا،ایس ڈی اواورلائن مین کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دی۔انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج مؤخر کیا۔آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں میں خرم ولد محمد اشرف،محمد آصف ولد عارف،محمد فاروق ولد لعل خان،حزب اللہ ولد خیل گل،قیس محمد ولد حاجی طاؤس،عبداللہ ولد حان تما،عبدالحفیظ ولد محمد شفیق،رحمت خان ولد انار گل،فیصل،رمضان ولد ملک امان،فیضان ولد محمد سعید،عارف عباسی ولد علی خان ،روح اللہ ولد علیم گل،غلام جان ،مہد علی ،ظہیر احمد اورعیسیٰ ملک شامل ہیں۔متاثرہ تاجروں کے مطابق ان کا ایک کروڑ روپے سے زائد کانقصان ہوا ہے۔