ادویہ قیمتوں میں اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف دیا جائے- پیپلز یوتھ
کراچی (پ ر) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور مہر نے کہا کہ ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیجنا بہت ضروری ہوگیا ہے، ملک میں پہلے ہی مسائل کیا کم تھے، جو ادویات کی قیمت میں15 فیصد اضافہ کر کے ایک اور بم عوام کے سروں پر گرا دیا گیا ہے۔ اپنے دفتر سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غریب آدمی کا گزر بسر مشکل ہوتا جا رہا ہے، ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے غریب لوگوں میں بے چینی کی لہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ہتھکنڈوں کے خلاف عوامی پلیٹ فارم کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔ اور ادویات کی قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو عوام کو سڑکوں پر لیکر احتجاج کرینگے۔