زندہ بچ جانے والے بچے پٹرول پمپ پر چھوڑ دئیے گئے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں والدین کے مرنے کے بعد سی ٹی ڈی اہلکار زندہ بچ جانے والے تین معصوم بچوں کو ایک پیٹرول پمپ پر چھوڑ کر چلے گئے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمیر خلیل ہسپتال کے اسٹریچر پر اپنی دو چھوٹی بہنوں کے ہمراہ بیٹھا ہے۔ عمیر کے چہرے پر معمولی زخم دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ اس کی چھوٹی بہن کے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ عمیر کے مطابق پولیس نے گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ان کے والد، والدہ، بہن اور والد کے دوست مارے گئے، جس کے بعد پولیس نے مرنے والوں کی لاشیں ایک گاڑی میں ڈالیں جبکہ بچ جانے والے عمیر اور اس کی دو بہنوں کو ایک الگ گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔ بعد میں سی ٹی ڈی اہلکار تینوں کو ایک پیٹرول پمپ پر لاوارث چھوڑ کر چلے گئے۔ بچے سے پوچھا گیا کہ وہ بورے والا کس لیے جا رہے تھے تو اُس نے بتایا کہ وہ اپنے چچا رضوان کی شادی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ بچے کے مطابق پیٹرول پمپ پر کھڑے تھےجب ایک نامعلوم شخص نے انہیں گھر چھوڑنے کا کہہ کر اپنی موٹر سائیکل پر بٹھایا اور بعد میں ہسپتال چھوڑ کر چلا گیا۔