متحدہ کے ٹارگٹ کلر- موٹرسائیکل لفٹر کارندوں سمیت 26ملزم گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلے ودیگر کارروائیاں کرتے ہوئے متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر، موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے کارندوں سمیت 26 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات، انڈین گٹکا اور بڑی مقدار میں ایرانی ڈیزل برآمدکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے خفیہ اطلاع پر احسن آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہو ئے ایک ملزم پرویز کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولیاں برآمد کرلیں، ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے ہے جو کہ متعدد افراد کے قتل میں ملوث ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش متعدد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور ہڑتالوں کے دوران جلاؤگھیراؤکا اعتراف کیا ہے، ملزم نے اعتراف کیا کہ 2013میں اپنے مفرور ساتھی زرغام کے ساتھ مل کر مذہبی جماعت کے کارکن کو قتل کیا، انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کئی سیاسی اور مذہبی تنظیموں کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہے، ملزم کیخلاف گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت کئی تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ملزم پرویز سے برآمد اسلحے کو فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر سے پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد 4ملزمان فیصل ،عبدالرحمن ،دانش اور آصف کو گرفتار کر کے2پستول آدھا کلو چرس برآمد کرلی۔ تیموریہ پولیس نے کے بی آر سوسائٹی میں مقابلے کے بعد ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ شرافی گوٹھ پولیس نے مانسہرہ کالونی میں منشیات فروش عزیز اور مفرور ملزم شہروز کو گرفتار کرلیا۔موچکو پولیس نے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کر کے ٹینکر اور 50ہزار لیٹر ڈیزل برآمد کرلیا۔سولجر بازار پولیس نے مقابلے کے بعد 2ملزمان ساجد اور مراد احمد کو گارڈن پولیس نے مفرور ڈکیت آصف کو ،کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے5کارندوں کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔سائٹ بی پولیس نے4ملزمان حبیب اللہ ،منور خان ،عابد اور یوسف کو ،شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے2کارروائی میں3ملزمان مجاہد ،رحیم اور عامر کو گرفتار کر کے اسلحہ موٹر سائیکل ایک کلو چرس برآمد کرلی۔