ڈالمیا قبرستان راستے پر غیرقانونی تعمیرات سے علاقہ مکین مشتعل
کراچی (آن لائن) ڈالمیا قبرستان کے مرکزی راستے پر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور 140گز پر 4منزلہ تعمیرات بند کرادیں،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈالمیا قبرستان کے مرکزی راستے سے متصل غیر قانونی عمارت کیخلاف علاقہ مکینوں نےمظاہرہ کیا اور تعمیر رکوادی ۔حالات کشیدہ ہونے پر ایس ایچ او شارع فیصل صفدر مشوانی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔اسی اثنا میں جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی یوسی23کے نگران شوکت موسیٰ اور صدر چوہدری حفیظ اللہ بھی آگئے جنہوں نے ایس ایچ او سے ملاقات کرکے تعمیراتی کام رکوادیا۔اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما نے مظاہرین کو کسی قسم کی غیر قانونی تعمیرات نہ ہونے کا یقین دلایا اور کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کو درخواست دی جائیگی۔ جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے ۔