پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی ہٹ ٹرک کاخطرہ
سینچورین(اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (آج) بدھ کو سینچورین میں کھیلا جائے گا، پروٹیز کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی ہٹ ٹرک کاخطرہ لاحق ہے۔جبکہ پہلے پاور پلے میں پچ خطرناک ہونے کے باوجود پاکستان پر پہلی بیٹنگ کرنے کا پریشر ہے۔ سنچورین کی سپر پارک کی وکٹ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کیلئے مشکل قرار دی جارہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی دو میچز انتہائی دلچسپ رہے، پاکستانی ٹیم دو مرتبہ ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی، گرین شرٹس کو پہلے میچ میں 6 اور دوسرے میچ میں 7 رنز سے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری میچ میں بھی دونوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، پروٹیز ٹیم نے سیریز میں کلین سویپ پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں ۔