پاک بحریہ کی عالمی امن مشقیں شروع
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پاک بحریہ کے زیراہتمام5روزہ عالمی بحری مشقوں ’’امن-2019‘‘ کا آغاز ہوگیا جس میں 46ممالک حصہ لے رہے ہیں۔مشقیں 2مراحل پرمشتمل ہوں گی اور ان میں پاک فضائیہ اوربری فوج بھی شریک ہے۔پاک بحریہ کے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔اس دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے مشقوں میں حصہ لینے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جدید دور کا تقاضا یہ ہے کہ مل کر مقابلے کیے جائیں۔اس موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جس میں 46 ممالک کے پرچم لہرائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل امجدخان نیازی نے کہا کہ میری ٹائم سیکورٹی نا صرف قومی سلامتی اور بحری راستوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے بلکہ یہ ملک کی معیشت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے ۔افتتاحی تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور وفود بھی موجود تھے۔مشقوں کا پہلا مرحلہ ہاربر ایکٹویٹیز اتوار تک جبکہ دوسرا مرحلہ 11 فروری سے 12 فروری تک جاری رہے گا جو سمندری مشقوں کا مرحلہ ہوگا۔ہاربر ایکٹویٹیز کے مرحلے میں سیمینارز، مباحثے، اور عملی مظاہرے کیے جائیں گے اس کے ساتھ اس میں 3 روزہ بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔