پی سی بی نے متعصب کرکٹرز کیلئے سزائیں متعارف کرادی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو نسلی تعصب کے بیان پر ملنے والی سزا کے بعد گورننگ بورڈ سے منظور ہونے والا انسداد نسلی تعصب کوڈ جاری کردیا اور اب کسی پاکستانی کھلاڑی نے اس کوڈ کی خلاف ورزی کی تو اسے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ۔نسلی تعصب کے کوڈ کو آئی سی سی کے کوڈ کی روشنی میں بنایا گیا ہے،17 صفحات پر مشتمل کو ڈ کااطلاق تمام کھلاڑیوں، مینجمنٹ امپائرز اور ریفریز پر پی سی بی کے زیر اہتمام تمام میچز کے دوران ہوگا۔اس کوڈ کا اطلاق 14فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے میچز سے ہوگا ۔واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقا میں کپتان سرفراز احمد کی جانب سے اینڈل فیلکوایو کے بارے میں ادا کیے گئے جملے نسلی تعصب میں شمار کیے گئے جس کی بنا ء پر آئی سی سی نے سرفراز احمد پر چار میچز کھیلنے کی پابندی عائد کردی تھی ۔پی سی بی نے اس واقعے کے بعد نسلی تعصب کے بارے میں کوڈ بنایا جس کی منظور ی پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں لی گئی اور اب اس کی کاپی پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭