میلبورن رینی گیڈز نے بگ بیش لیگ کا ٹائٹل جیت لیا
میلبورن (اسپورٹس ڈیسک) میلبورن رینی گیڈز نے پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ کا ٹائٹل جیت لیا، رینی گیڈز نے فیصلہ کن معرکے میں میلبورن سٹارز کو 13 رنز سے شکست دی، میلبورن سٹارز کی ٹیم 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی، بین ڈنک اور سٹوئنس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 93 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا لیکن اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکا، بین ڈنک کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ڈینل کرسچین نے ناقابل شکست 38 رنز بنا کر اور 2 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کرسچین کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو میلبورن میں کھیلے گئے بی بی ایل فائنل میں میلبورن سٹارز کے کپتان گلین میکسویل نے ٹاس جیت کر پہلے میلبورن رینی گیڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، رینی گیڈز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، کپتان ایرون فنچ 13، مارکس ہیرس 12، ہارپر 6، کیمرون وائٹ 12 اور ہاروے 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈینل کرسچین اور کوپر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن بہتر کی، کوپر 43 اور کرسچین 38 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، برڈ اور زمپا نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں میلبورن سٹارز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی۔
٭٭٭٭٭